لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ سے میںصوبے کے مختلف اضلاع اور تھانوں کے اچانک دورے کروں گااور جہاں ایس او پیزکی خلاف ورزی نظر آئی وہاں ڈی پی او براہ راست جواب دہ ہوگا ۔ ایس ایچ اوز کے کمروں اور حوالات میں لگائے گئے کیمروں کی مانیٹرنگ کا بیک اپ ریکارڈ/ڈیٹا کم از کم ایک ہفتے تک محفوظ رکھا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں ویڈیو ریکارڈنگ بطور شہادت پیش کی جاسکے ۔ کسی بھی تھانے میںغیر قانونی حراست میں کوئی شہری پایا گیا پولیس حراست سے ملزم کی فرار اور تشدد کی صورت میں سرکل افسر اور ایس ایچ او کے خلاف فوری سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ پولیس حراست میں تشدد سے ہلاکت پر ڈی پی او کو براہ راست ذمہ دار سمجھا جائے گا ۔ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں عید الاضحی کاسکیورٹی پلان ذاتی نگرانی میں تشکیل دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں یوم شہدائے پولیس،عیدالاضحی کے سکیورٹی پلان اور پولیس سٹیشنز ریفارمز سے متعلقہ ویڈیولنک کانفرنس کی صدارت کے دوران افسروں کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں صوبے کے تمام آرپی اوزاور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔