کراچی (نیوز رپورٹر)بہاولپور سے تعلق رکھنے والا30سالہ طویل القامت نوجوان حق نواز حکومتی بے حسی کاشکار ہے۔30سال کی عمر میں 8فٹ قد حاصل کرنے والانوجوان جس کا قد اب بھی بڑھ رہا ہے وفاقی اور پنجاب حکومت سے نالاں ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ حکومت میرے ساتھ بالکل بھی تعاون نہیں کر رہی ہے۔جبکہ میں نے اپنے طویل القامت قد کی وجہ سے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا۔ان خیالات کا اظہار بہاولپور سے تعلق رکھنے والے 8فٹ طویل القامت نوجوان حق نواز نے اپنے اعزاز میں الائیڈ اسکول ہارون بحریہ اور بلدیہ ٹاؤن کیمپس کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کیا۔حق نواز کا مزید کہنا تھا کہ میرے کھانے پینے اوردیگر ضروریات کے اخراجات میری پہنچ سے باہر ہیں ۔ جن کو پورا کرنا میرے لئے مشکل ہوجاتا ہے۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے الائیڈ اسکول ہارون بحریہ اور بلدیہ ٹاؤن کیمپس کے ڈائریکٹر راؤ محمد شکیل نے کہا کہ حق نواز ملکی اثاثہ ہے حکومت کو اسکی ہر سطح پر مدد کرنی چاہئے۔آج ہم نے حق نواز کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے اس نوجوان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔حق نواز نے طویل قد حاصل کر کے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔تقریب کے دوران ممتاز سماجی رہنما حاجی ظہور احمد نے مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ اسکول کے طلباء وطالبات نے حق نواز کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوائے اور انہیں تحائف پیش کیئے۔ جبکہ تقریب کے اختتام پر الائیڈ اسکول کے ڈائریکٹر راؤمحمد شکیل نے حق نواز کو ادارے کی جانب سے امدادی رقم پیش کی۔
طویل القامت پاکستانی حق نواز حکومتی امداد کا منتظر
Jul 31, 2019