اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ہمشیرہ آصفہ بھٹو کے ہمراہ اپنے والد پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے نیب راولپنڈی کے دفتر میں ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال خاص طور پر چئیرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ تفصیلی طور پر زیر غور آیا۔ جبکہ ڈپٹی چئیرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف حکومت کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے حکمت عملی بھی زیر بحث آئی۔ جبکہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی عوامی رابطہ مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کی طرف سے اسلام آباد میں دھرنے کے اعلان اور اس حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس حوالے سے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد پارٹی کی حکمت عملی کو حتمی شاکل دی جائے،اس حوالے سے اپوزیشن جمعتوں میں اتحاد قائم رکھنے کو ترجیح دی جائے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی، سیاسی سمیت دیگر امور پر گفتگو کی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر کی پاک برطانیہ تجارتی تعلقات میں بہتری کے معاملے پر بھی بات چیت کی ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،طانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور مصطفی نواز کھوکھر بھی شریک ہوئے۔
بلاول‘ آصفہ کی زرداری سے ملاقات‘ سیاسی صورتحال‘ چیئرمین سینٹ کیخلاف تحریک پر تبادلہ خیال
Jul 31, 2019