اظہر علی کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑوں نے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلوں پر مشاورت کا آغازکر دیا۔ سرفراز احمد کی جگہ اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑوں نے قومی ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے مشاورت کے لیے سر جوڑ لیے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے اعلی عہدیداروں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔کرکٹ کمیٹی کے اہم رکن وسیم اکرم کے مشورے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے کوچنگ معاہدے میں آئندہ برس ورلڈ ٹی ٹونٹی تک توسیع کیے جانے کا امکان ہے۔ مکی آرتھر کی کوچنگ میں پاکستانی ٹیم ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کا بوجھ کم کرنے کے لئے ان کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹا کراظہر علی کو دوبارہ ٹیسٹ کپتان بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اظہر علی کو ٹیسٹ کپتان بنائے جانے کے بعد سرفراز احمد ٹیسٹ کرکٹ میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے۔ تاہم ان کی سلیکشن کا فیصلہ نئی سلیکشن کمیٹی کریگی۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی قیادت برقرار رکھی جائے گی۔ مستقبل کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کے لئے نائب کپتان مقرر کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق تمام فیصلوں کا باضابطہ اعلان دو اگست کو کرکٹ کمیٹی کیاجلاس کے بعد حتمی مشاورت کرکے کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن