نئی دہلی، لاہور، قلعہ دیدار سنگھ (آئی این پی، سپورٹس رپورٹر، نیٹ نیوز، چودھری حسیب پندھیر سے) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی بھارتی لڑکی کو دل دے بیٹھے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حسن علی بھارت کے شہر ہریانہ کی رہائشی شامعیہ آرزو سے 20 اگست کو دبئی میں نکاح کریں گے۔ قومی کرکٹر کے بھائی نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کو بھارتی لڑکی پسند آ گئی تھی۔ شامعیہ آرزو شعبہ کے اعتبار سے انجینئر ہے اور دبئی میں ملازمت کرتی ہیں۔ لڑکی اور لڑکے کے قریبی رشتہ دار 17 اگست تک متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔ اس حوالے سے شامعیہ کے والد لیاقت علی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی کی شادی تو کرنی ہی ہے چاہے ہندوستان ہو یا پاکستان اس سے فرق نہیں پڑتا۔ حسن علی، شعیب ملک، عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان کے بعد بھارتی خاتون سے شادی کرنیوالے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہوں گے۔ بھارتی صحافی کے مطابق نکاح کی تقریب 20 اگست کو دوبئی میں ہوگی۔ علاوہ ازیں قومی کر کٹر حسن علی بھارتی نژاد دوشیزہ شامعیہ سے شادی کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کے بعد میدان میں آگئے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں فوری شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری شادی کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اس حوالے سے ہمارے خاندان مل کر فیصلہ کریں گے۔ جس کے بعد انشاء اللہ باقاعدہ اعلان جلدکردیا جائے گا۔ تاہم حسن علی نے بھارتی دوشیزہ سے منگنی کی خبروں کی تصدیق کر دی ہے اور شادی کے حوالے سے چاہنے والوں کو ذرا انتظار کا مشورہ دے دیا ہے۔ دوسری طرف حسن علی کے بھائی نے 20 اگست کو حسن علی سے نکاح کی تصدیق کر دی ہے۔ حسن علی کی حالیہ ورلڈ کپ کے دوران شمعیہ آرزو خان سے انگلینڈ میں ملاقات ہوئی اور دونوں نے وہیں پر شادی کا فیصلہ کیا۔ شمعیہ کی فیملی عرصہ دراز سے دبئی میں ہی مقیم ہے۔ شمعیہ آرزو انجینئر ہے اور دبئی کی ملٹی نیشنل کمپنی میں ملازمت کر رہی ہے۔ دبئی میں نکاح کی تیاریاں ہیں جبکہ ولیمہ پاکستان میں ہوگا ۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حسن علی کے گھر والوں نے بھی معاملے کی تصدیق کر دی۔ شامعیہ آرزو نے انگلینڈ میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے اور وہ ایک ایئر لائن میں فلائٹ انجینئر ہیں۔ حسن علی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے وہ بیس اگست کو نکاح کی تقریب کیلئے دبئی جائیں گے۔ جبکہ شادی اگلے سال 2020ء پاکستان میں ہوگی۔
قومی کرکٹر حسن علی کا 20 اگست کو بھارتی لڑکی سے نکاح، بھائی کی تصدیق
Jul 31, 2019