اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر) پہلے کوارٹر فائنل میںاپنے گروپ کے تینوں میچز میںناتسخیر دفاعی چمپئن پاکستان ایئر فورس کے اعزاز کے دفاع کے خواب کو چکنا چور، واپڈا نے 0-3کی شکست کا داغ لگا کر سیمی فائنل میں اپنی رسائی کو یقینی بنادیا۔ پاکستان کی صف اوّل کی ٹیموں میں شمار کی جانے والی پاکستان واپڈا بدقسمت رہی جو نیشنل چیلنج کپ کی 27ایڈیشن کی تاریخ میں کبھی یہ ٹائٹل اپنے نام نہ کرسکی تاہم 28ویں ایڈیشن میں پاکستان واپڈا کے نوجوان اور پُرجوش کھلاڑی پہلی بار اس اعزاز کو حاصل کرنے کیلئے پرُعزم نظر آتے ہیں۔پاکستان واپڈا جو ایونٹ میں بدستور ناقابل شکست ہے اور اس سلسلے کو انہوں نے مزید دراز کرتے ہوئے پہلے کوارٹر فائنل میںاپنے گروپ کے تینوں میچز میںناتسخیر دفاعی چمپئن پاکستان ایئر فورس کے اعزاز کے دفاع کے خواب کو چکنا چور کرتے ہوئے 0-3کی شکست کا داغ انہیں لگا کر سیمی فائنل میں اپنی رسائی کو یقینی بنادیا۔ جہاں ان کا مقابلہ دوسرے کوارٹر فائنل میں مدمقابل سوئی سدرن گیس اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ونر سے یکم اگست کوہو گا۔ فاتح ٹیم کیلئے اشفاق الدین نے 2جبکہ ایک گول عثمان منظور نے اسکور کیا۔آج (بدھ)2کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے ۔ تیسرا کوارٹر فائنل کے آر ایل اورپاکستان پولیس جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کے مابین کھیلا جائے گا۔ طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور پر پہلے کوارٹر فائنل کا آغاز انتہائی برق رفتاری سے ہوا۔ ایئر فورس کے اسٹرائیکرز منصور خان، سہیل جونیئر اور عرفان علی نے حریف پاکستان واپڈا کے گول کا محاصرہ کرکے یکے بعد دیگرے متعدد حملے کیے اور 2سے 3سنہری مواقع حاصل ہونے کے باوجود حریف گول کیپر عبدالباسط کو چکمہ دینے میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔10منٹ کے مشتمل اس مشکل دورانیہ کے بعد پاکستان واپڈا نے سنبھالا لیا اور جوابی حملے شروع کردئے اور 5منٹ میں 2گول اسکور کرکے نہ صرف دباؤ سے باہر آئے بلکہ ایئر فورس کو مشکلات سے دوچار کردیا۔29ویں منٹ میں پہلا گول عثمان منظور نے داغا اور 33ویں منٹ میں اشفاق الدین نے دائیں جانب سے آنے والے کراس کو گول میں تبدیل کرنے میں کوئی غلطی نہ کرکے پاکستان واپڈا کو 2-0کی برتری دلادی۔ وقفہ پر میاں واحد ، ڈائریکٹر اسپورٹس ، کے پی کے اسپورٹس بورڈ کا تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر سید ظاہر شاہ، باسط کمال، رؤف باری، قاضی آصف و دیگر بھی موجود تھے۔دوسرے دورانیہ میں بھی پاکستان ایئر فورس کی ٹیم وقفہ وقفہ سے حریف واپڈا پر دباؤ ڈالتی رہی لیکن آج قسمت ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی اورجوابی حملے ناکام ثابت ہورہے تھے۔ 75ویں منٹ میں اشفاق الدین نے انتہائی خوبصورت گول بنا کر پاکستان واپڈا کی برتری کو 0-3سے مستحکم کرکے حریف ٹیم کو شکست پر مجبور کردیا۔ دوران میچ واپڈا کے زین العابدین اور عثمان منظورایئرفورس کے مہدی کو یلو کارڈ کا سامنا رہا۔ فیفاریفری ماجد خان کے معاونین یونس لعل ، اکرام اﷲ اور عرفان خان ، ریفریز ایسیسر امتیاز علی شاہ اور میچ کمشنر قاضی آصف تھے۔
نیشنل چیلنج کپ، واپڈا دفاعی چیمپئن ائیرفورس کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی
Jul 31, 2019