تفصیلی فیصلے تک اسلام آباد کے سکولوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی،عدالت عالیہ

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح اور سکولز کے خلاف پیرا کی کارروائیوں سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران پیرا کے منفی روئیے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پیرا کی سخت سرزنش کی اور کہا کہ سکولوں کے لئے سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے ، کیوں کارروائیاں کر رہے ہیں ، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے تک اسلام آباد کے سکولوں کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکتی۔ دوران سماعت پرائیویٹ سکولز کے وکیل نے کہا کہ سکولوں کے خلاف کارروائی کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے ، پیرا بار بار عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت عید کے بعد کیس کا فیصلہ میرٹ پر کرے گی۔ بعد ازاں پیرا چیئرمین اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے وکیل کی عدالت کے باہر تکرار ہوئی اس موقع پر چیئرمین پیرا نے کہا کہ سکولوں کے خلاف کارروائی کی مجھے رجسٹرار نے اجازت دی ہے جس پر وکیل نے کہا کہ آپ عدالت کے فیصلے کے خلاف رجسٹرار کے کہنے پر کارروائیاں کر رہے ہیں ، ایسی انتقامی کارروائیاں کر کے آپ توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں ، آپ ذاتی عناد کے لئے عدالتی فیصلے کو سبوتاڑ نہ کریں۔ اس موقع پر وہاں موجود وکلاء اور دیگر افراد نے معاملہ رفع دفع کرایا۔

ای پیپر دی نیشن