چیئرمین پیپلزپارٹی  کا چیئرمین سینیٹ کو خود ہی مستعفی ہونے کا مشورہ

Jul 31, 2019 | 18:18

ویب ڈیسک

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لئے نمبرگیم پورا ہونے کا دعوی کرتے ہوئے صادق سنجرانی کو خود ہی مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد سے ایک روز قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپوزیشن جماعتوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، ظہرانے میں  نامزد چیئرمین سینیٹ میر حاصل بزنجو، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، شیری رحمن، رضا ربانی، راجہ ظفر الحق، عثمان خان کاکڑ، اشوک کمار، کرشنا کماری، رحمن ملک، مشاہد اللہ خان، یوسف بادینی، بہرامند تنگی، راحیلہ مگسی، عائشہ رضا، نجمہ حمید، نذہت صادق اور رخسانہ زبیری سمیت 51 اراکین نے شرکت کی۔ ،  اس موقع پر  رضا ربانی نے تحریک عدم اعتماد کے ووٹنگ کے عمل پر بریفنگ دی۔  چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ظہرانے میں شریک تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا، بعد ازاں اپوزیشن نے صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے حکمت عملی طے کی۔ظہرانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہونے والی ووٹنگ کیلئے نمبر گیم پوری ہونے کا دعوی کیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کو مشورہ دیا کہ وہ خود مستعفی ہوجائیں ورنہ اپوزیشن کل ان کو ووٹ کے ذریعے ہٹائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عزت بچانے کے لئے اچھا ہے چیئرمین استعفی دیدیں ورنہ کل تو وہ جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان کو ہٹانے کیلئے نمبر زیادہ ہیں، اگر سنجرانی صاحب نے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے تو اچھا ہوگا۔  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے اور ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے مطلوبہ نمبرز موجود ہیں۔دوسری جانب سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے مستعفی ہونے سے متعلق کل افواہیں دم توڑ جائیں گی۔بلاول کے بیان پر اپنے ردعمل میں شبلی فراز نے کہا کہ حزب اختلاف والے مقابلہ تو کر نہیں سکتے، امیدوار کے مستعفی ہونے پر ہی اپوزشن جیت سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حزب اختلاف مستعفی ہونے کی افواہیں پھیلا رہی ہے اور ان کا انحصار ان ہی پر رہ گیا ہے۔واضح رہے کہ یکم اگست کو ایوان بالا میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جائے گی جس کے لیے صدر مملکت عارف علوی نے اجلاس طلب کرلیا۔ادھر سینیٹ سیکریٹریٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور قرارداد کو  کل جمعرات کو ہونے والے اہم اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا جبکہ اجلاس کی تیاریاں بھی مکمل کرلیں۔

مزیدخبریں