حج عظیم رکن،امت مسلمہ کو مبارکباد،وحدت کی علامت ہے:طاہرا لقادری

Jul 31, 2020

لاہور(خصوصی نامہ نگار)قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملت اسلامیہ کو حج کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ حج شعائر اسلام کا ایک عظیم رکن،امت کے اتحاد اور وحدت کی علامت ہے، مناسک حج سے مساوات، رواداری، اعتدال، امن و آشتی کے عظیم انسانی جذبات پروان چڑھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حج اور قربانی یہ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں۔ امسال کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے محدود تعداد میں لوگ حج کی سعادت حاصل کر سکے ،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حج کی عظیم عبادت کے صدقے ملت اسلامیہ کو بحرانوں سے نکالے۔9ذی الحجہ کو حضور نبی اکرم ﷺ نے جو خطبہ فرمایا وہ ایمان کی روح ہے، حضور نبی اکرم ﷺ نے خطبہ حج کے موقع پر قیامت تک کے مسلمانوں کے لیے جن اخلاقی اور روحانی تعلیمات سے بہرہ مند فرمایا اس کے ایک ایک حرف پر اگر ان تعلیمات کی روح کے مطابق عمل کر لیا جائے تو دین اور دنیا کی زندگی سنور جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے خطبہ حج کے موقع پر فرمایا جس کا مفہوم ہے کہ ناحق کسی کا مال نہ کھاؤ، کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ، سود سے بچو، خواتین کا احترام کرو، دوسروں کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرو، یہ سب آپ کے لیے محترم و مکرم ہے۔خطبہ حج کا ایک ایک حرف انسانیت کا منشورہے۔

مزیدخبریں