سیالکوٹ (نامہ نگار) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے سپوتوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں بائیو سیفٹی لیول تھری لیب اور ہائی فلو آکسیجن بیڈز کی سہولت کی فراہمی عوام کی شاندار خدمت ہے جس پر حکومت پنجاب ان کی شکر گزار ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اگلے ایک ڈیڑھ ماہ کے اندر سیالکوٹ میں''ماں اور بچہ کے صحت ہسپتال'' کی گراؤنڈ بریکنگ کا افتتاح کرینگے۔ اس منصوبے پر ساڑھے چار ارب روپے خرچ ہونگے۔ اس طرح کے پنجاب میں امسال سات اضلاع میں ماں اور بچے کے ہسپتالوں کی تعمیر اس سال شروع کی جارہی ہے۔ ماضی میں ان شہروں کی جانب توجہ نہیں دی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں بی ایس لیول تھری لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجواناں محمد عثمان ڈار، صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، پرنسپل ڈاکٹر ریحان طارق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ گزشتہ روز پنجاب کے 19اضلاع میں کرونا کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مجموعی طور 92ہزار 600کیسز سامنے آئے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 234مزید کیس سامنے آئے جبکہ پانچ افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کرونا کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور حکومت نے ملکر مقابلہ کیا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے ضلعی ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ کے زیر اہتمام خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کے رومی ہال میں کووڈ19کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے سرکاری افسران، ملازمین اور شہریوں کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقریب میں بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا وزیر اعظم عمر ان خان کی حکومت آنے سے پہلے سیالکوٹ میں ایک بھی وینٹی لیٹر نہیں تھا اور آج سیالکوٹ میں 57 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔کرونا فری لیب قائم کرنے کا مقصد صرف یہی تھا عام آدمی پر بوجھ کم سے کم پڑے اور اب سیالکوٹ کے شہر ی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اسی طرح وزیر اعظم عمر ان خان نے سیالکوٹ میں یو نیورسٹی کے قیام کیلئے ایک ارب 38 کروڑ روپے دیئے ہیں۔ مزید براںوزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا کیسز میں بتدریج کمی آ رہی ہے، وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کا فوکس صحت پر ہے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے عثمان ڈار کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زچہ و بچہ ہسپتال سیالکوٹ کیلئے پی سی ون منظور ہوگیا، جب ذمہ داری سنبھالی تو 50فیصد ڈاکٹروں، پروفیسرز کی نشستیں خالی پڑی تھیں، ہم نے 28ہزار نئے ملازمین رکھے جس میں ڈاکٹر، پروفیسرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈاکٹروں اور نرسوں کی تنخواہیں بڑھائیں، 50لاکھ صحت سہولت کارڈ لوگوں کو مل چکے ہیں، جب 72لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ ملے گا تو ڈھائی سے 3کروڑ لوگ مستفید ہونگے۔
پنجاب کے 19اضلاع سے کوئی کرونا کیس سامنے نہیں آیا: یاسمین راشد
Jul 31, 2020