کرونا: مزید 31 اموات، امریکہ سے 100 وینٹی لیٹر مل گئے

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک 2 لاکھ 78 ہزار 383 کیسز میں سے 2 لاکھ 46 ہزار 131 صحتیاب ہوگئے ہیں۔ ملک میں مصدقہ کیسز میں سے صحتیاب افراد کی تعداد 88 فیصد سے زائد ہے جبکہ ان کیسز میں سے 5 ہزار 946 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے 1266نئے کیسز اور 31 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ ایک ہزار 248 افراد صحتیاب ہوگئے۔ 30 جولائی کو پنجاب میں کرونا وائرس کے 203 نئے کیسز اور 5 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔ کیسز کی مجموعی تعداد 92 ہزار 655 ہوگئی۔ اب تک لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 2 ہزار 138 تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز 15 ہزار کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں مزید 24 کیسز سے مجموعی تعداد 14 ہزار 987 تک پہنچ گئی۔ ایک مرتبہ پھر گلگت بلتستان میں کیسز آزاد کشمیر سے زیادہ ہوگئے۔ ایک روز میں مزید 48 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 3 لقمہ اجل بنے۔ کیسز کی مجموعی تعداد 2090 ہوگئی۔ مجموعی اموات کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس مزید 10 افراد کو متاثر اور ایک فرد کی جان لے گیا۔ کیسز 2065 ہوگئے۔ اموت کی مجموعی تعداد 51 تک پہنچ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 248 افراد شفایاب ہوئے اور اس طرح مجموعی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 131 ہوگئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سے مزید 20 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی تعداد2209 ہوگئی ہے اور 498 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مجموعی تعداد 120896 ہوگئی ہے۔ اموات کی 1.8 فیصد شرح کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 689 مزید مریض صحت یاب ہوگئے۔ تعداد 110233 ہوگئی ہے یعنی بحالی کی شرح 91 فیصد ہے۔ امریکا کی جانب سے این ڈی ایم اے کو 100 وینٹی لیٹرز فراہم کردیے گئے ہیں۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے این ڈی ایم اے کو ایک سو وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کی تقریب ہوئی جس میں امریکی سفیر نے وینٹی لیٹرز چیئرمین این ڈی ایم اے کے حوالے کئے۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان نے مل کر وبا کا مقابلہ کرنے کا عزم کیا ہے جبکہ ہمیں پاکستان کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے، یہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستان کے لئے وینٹی لیٹر کی دوسری کھیپ ہے، پہلی کھیپ کراچی میں حوالے کی تھی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے تعاون سے موصول ہونے والی دوسری کھیپ سے پاکستان کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا، امریکی حکومت ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی تربیت فراہم کررہا ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا کیسز کی نمایاں کمی ہوئی ہے، مہلک وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت نے بہترین اقدامات کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کرونا سے نمٹنے کیلئے یو ایس ایڈ کے تعاون کے مشکور ہیں،۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 71 لاکھ 95 ہزار 462 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ 70 ہزار 317 ہو گئیں۔کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 58 لاکھ 19 ہزار مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 66 ہزار 385 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 کروڑ 7 لاکھ 6 ہزار 145 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکا تاحال کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کرونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔ امریکا میں کرونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 53 ہزار 845 افراد موت کے منہ میں پہ نچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 45 لاکھ 68 ہزار 375 ہو چکی ہے۔برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 90 ہزار 188 زندگیاں نگل چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...