اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نیٹ نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے آن لائن گیم پلیئرز ان نان بیٹل گراؤنڈ (پب جی) اور لائیو اسٹریمنگ اپیلی کیشن بیگو پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔واضح رہے کہ یکم جولائی کو پی ٹی اے نے شکایات پریکم جولائی کو پب جی کو عارضی اور 21جولائی کو بیگو لائیو کو بند کردیا تھا جبکہ ٹک ٹاک کو 'حتمی وارننگ' جاری کردی تھی۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پب جی، نائب صدر جنوبی ایشیا آپریشنز اور پی ٹی اے حکام کے مابین ایک اہم اجلاس ہوا۔پی ٹی اے کے مطابق پپ جی گیم کے حکام نے اتھارٹی کے تحفظات دور کیے اور گیم کے غیر مناسب استعمال کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔کمپنی کے نمائندے نے اس معاملے پر پی ٹی اے کے تاثرات کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ پی ٹی اے کے خدشات کو مدنظر رکھا جائے گا۔علاوہ ازیں پی ٹی اے اتھارٹی کے ممبران اور بیگو کے نائب صدر جنوبی ایشیا آپریشنز کے درمیان ایک اجلاس ہوا، جس میں جینگ ژانگ نے پاکستانی قوانین کے مطابق فحش اور غیر اخلاقی مواد کے سدباب کے لیے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔بیان کے مطابق بیگو مینجمنٹ نے غیرقانونی مواد کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے پی ٹی اے کے ساتھ مستقل رابطے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
پی ٹی اے کا پب جی گیم اور بیگو اپیلی کیشن بحال کرنے کا فیصلہ
Jul 31, 2020