لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔ جبکہ جماعت اسلامی کے وفد میں فرید احمد پراچہ، خواجہ صلاح الدین، سید احسان اللہ وقاص، ذکر اللہ مجاہد اور محمد جاوید قصوری شامل تھے۔ وفد نے تحفظ بنیاد اسلام بل پر اتفاق رائے کیلئے مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا کہا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے ہے اس لیے اس بل پر مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل یہ بل سب کو اکٹھا رکھنے کا بل ہے، اس بل سے محبت اور اتحاد پروان چڑھے گا۔دیںدریں اثناء سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور قرآن بورڈ پنجاب کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے پرویز الٰہی سے خصوصی ملاقات کی۔ سیاسی صورتحال اور تحفظ اسلام بل پر سنی اتحاد کونسل کی تجاویز چوہدری پرویزالٰہی کو پیش کی گئیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ دین کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے صاحبزادہ حامد رضا کو چیئرمین قرآن بورڈ بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی خدمات سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا اسلام بل پر مسلسل مشاورت کرنے پر چوہدری پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عید کی نماز میں ایس اور پیز پر عمل یقینی بنایاجائے۔ قوم کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ مساجد ا ور اجتماعات میں عید کی نماز کی دو جماعتیں کروائی جائیں گی تاکہ سب لوگ احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کر سکیں۔ صاحبزادہ حسن رضا اور مفتی محمد کریم خان بھی موجود تھے۔