پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے فضائی آپریشن جزوی بحال کرنے کا فیصلہ، برٹش ایئرویز کا 14 اگست سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ،وقائع نگار خصوصی) برطانوی ایئرلائن برٹش ایئرویز نے 14 اگست سے پاکستان کیلئے اپنی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ برٹس ایئرویز کے ایک اعلامیہ کے مطابق برطانوی فضائی کمپنی ہفتہ میں ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد کیلئے ہفتہ میں تین پروازیں شروع کرے گی۔ برٹس ایئرویز کے مطابق اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ پاکستان کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ ان پروازوں کی بحالی سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت میں سہولت پیدا ہو گی۔ برٹس ایئر ویز نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کی وجہ سے ماسک استعمال کریں اور دوسری احتیاطی تدابیر بھی اختیار کریں۔مسافروں کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کیلئے اپنا فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے مسافر متبادل ذریعے سے براہ راست پاکستان اور لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے درمیان سفر کر سکیں گے۔پی آئی اے نے اپنے مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے 14 اگست سے پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا۔پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی کے بعد دیگر ائیرلائنز نے کرائے غیر معمولی طور پر بڑھا دیے تھے تاہم پی آئی اے کی پروازوں کے چلنے کے بعد کرائے واپس عام سطح پر آنا متوقع ہیں۔ترجمان پی آئی اے نے کہاہے کہ برطانیہ کے لیے پروازوں کے اوقات کار سے متعلق اعلان عید کے فورا بعد کردیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن