اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی کے رکن اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر حکومتی ترجمانوں کے ردعمل پر بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سچ سامنے لائے تو تبدیلی زادے بوکھلا اٹھے، تبدیلی سرکار کے ترجمانوں کی چیخیں بتارہی ہیں کہ بنی گالا کا شہزادہ بدحواس ہوچکا ہے، بجائے یہ کہ پی ٹی آئی ترجمان چیئرمین بلاول بھٹو کے سوالات کے جوابات دیتے، انہوں نے الزام تراشی شروع کردی،پی ٹی آئی کے ترجمانوں کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کے لئے ایک لفظ تک نہیں ہے،عمران خان جواب دیں کہ کیوں وہ کلبھوشن کو ریلیف دینا چاہتے ہیں؟ علیمہ خان کو این آر او دینے والے عمران خان آج اپوزیشن سے خود این آر او مانگ رہے ہیں،عمران خان کا مقدر طے ہوچکا، انہیں ذلت و رسوائی کے بعد کرسی چھوڑنا ہوگی۔