پاکستان کے  کورونا وائرس اور اس سے اموات  پر  موثر کنٹرول کے بین الاقوامی معیار کے ذاتی تحفظ کے سامان و آلات (پی پی ای) کی عالمی مارکیٹ میں طلب

Jul 31, 2020 | 19:54

کامرس رپورٹر

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان نے کورونا وائرس اور اس سے اموات پر موثر کنٹرول کے لئے بین الاقوامی معیار کے ذاتی تحفظ کے سامان و آلات (پی پی ای) کی عالمی مارکیٹ میں طلب ، خاص طور پر برطانیہ میں اس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے غیر ملکی منڈیوں میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ جمعہ کو پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمن افتخار علی ملک کو لندن سے موصولہ ایک پیغام کے مطابق یہ بات پاکستان ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے ہائی کمیشن میں مڈلینڈز پارٹنرشپ این ایچ ایس فاو نڈیشن ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو نیل کار کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان کا ترقی یافتہ ٹیکسٹائل سیکٹر بہت کارآمد رہا ہے۔ ملک میں اب برآمدکیلئے بین الاقوامی معیار کے این 95 سمیت بہتر کوالٹی کے ماسک ، دستانے ، چشمے، اسپیل فیس شیلڈ ، گاون ، جوتوں کے کور ، ہینڈ سینیٹائزر، کانٹیکٹ لیس تھرمامیٹر اور ہاسپٹل بیڈ شیٹس تیار کی جا رہی ہیں۔ ایکسپورٹ کوالٹی کے وینٹیلیٹر اور یورپی یونین کی سی ای سرٹیفائیڈ اسپیل فیس شیلڈز سمیت پاکستانی مصنوعات برطانیہ میں ممکنہ خریداروں کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔ نیل کار نے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں پر ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور ٹرسٹ اور پاکستان کے شعبہ صحت کے مابین بہتر و نتیجہ خیز ورکنگ ریلیشن شپ کی یقین دہانی کرائی۔ نیل کار نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر مہارتوں کی مزید شراکتداری کی امید کا اظہار کیا۔ پاک برطانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین جولین ہیملٹن بارنس نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دنیا بھر خصوصا برطانیہ کو پی پی ای کیٹیگری کی برآمدات کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔ بانی چیئرمین پاک یو ایس بزنس کونسل افتخار علی ملک نے پیغام موصول ہونے پر پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے اور انہیں فروغ دینے پر ہائی کمشنر کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون کے فروغ کی ان کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے اور پاکستانی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں فریقین نے کورونا سے پیدا شدہ صورتحال اور دونوں ممالک کے صحت کے شعبوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد نفیس زکریا نے پاکستان کے شعبہ صحت کے ساتھ ٹرسٹ کے جاری تعاون خصوصاً میڈیکل کور کے ساتھ جاری تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے قریبی تعاون وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کو پاکستان کی طرح بہتر منیجمنٹ سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ہائی کمشنر نے وفد کے تمام ممبران کو اسپیل فیس شیلڈ تحفے میں پیش کیں اور مزیدار پاکستانی آموں کے ساتھ ان کی تواضع کی۔

مزیدخبریں