لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے رکن اسمبلی نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈ رپر عملدرآمد نہ ہونے پر مسلسل دوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا۔ اپوزیشن بنچوں کی جانب سے سپیکر سے اظہار یکجہتی کے لئے ڈیسک بجائے گئے اور چیئر کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے گئے۔ اجلاس 2گھنٹے 15منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول کے بعد سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ لگتا ہے کہ ابھی تک نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہیں ہوا۔ سپیکر نے وزیر قانون راجہ بشارت کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ کیوں ایسا ہی ہے؟۔ جب تک نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہیں ہوتا قانون سازی بھی نہیں ہو گی۔ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے پیر کی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ زکوۃ و عشر کے محکمہ کے سوالات کے جوابات دئیے جانے تھے جبکہ پروونشل موٹر وہیکل (ترمیمی) بل2021ایوان میں متعارف کرایا جانا تھا۔
نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہ ہوا، اجلاس پھر ملتوی، اپوزیشن کے نعرے
Jul 31, 2021