اسلام آباد‘ لاہور (خبرنگار خصوصی + نامہ نگار + وقائع نگار) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں ایک روپے71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ٹویٹر پر ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ 26 جولائی کے اعدادو شمار کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے، دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لیٹر لیکن پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے۔ دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد پاکستان میں 11 فیصد ہوا۔ شہباز گل نے کہا کہ اوگرا کی سفارش پر پٹرول کی قیمت میں ایک روپے71 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔ شہباز گل نے بتایا کہ قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔ معاون خصوصی کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق پٹرول کی قیمت ایک روپے 71 پیسے اضافے کے بعد 119 روپے 80 پیسے لٹر ہوگی۔ ان کا کہنا تھاکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے53 پیسے لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت84 روپے 67 پیسے پر برقرار ہے۔ خیال رہے کہ وزرات خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن اب تک جاری نہیں کیا گیا۔ ملک میں لیکوڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی)کی قیمت میں 10روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا۔ چیئرمین ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے قیمت میں اضافے کا اعلان کیا۔ عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی پر 10روپے فی کلو اضافے کے بعد قیمت 180روپے فی کلو ہوگئی۔ گھریلو سلنڈر 2 ہزار 110روپے اور کمرشل سلنڈر 8 ہزار 80روپے کا ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان میں ایل پی جی 200روپے فی کلو ہوگئی۔ وہاں گھریلو سلنڈر 2350روپے اور کمرشل سلنڈر 9000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
پٹرول1.71 روپے لٹر مہنگا، ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے کلواضافہ
Jul 31, 2021