اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) امریکی اور پاکستانی مشیرانِ قومی سلامتی کی واشنگٹن میں ملاقات ہوئی اس سلسلے میں معید یوسف نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ واشنگٹن میں مشیر قومی سلامتی جیک سلیوان کے ساتھ مثبت فالو اپ ملاقات ہوئی جس میں جنیوا میں ہونیوالی ملاقات کے بعد ہونے والی پیشرفتوں کا جائزہ لیا گیا اور باہمی، علاقائی اور باہمی مفاد کے عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معید یوسف نے مزید لکھا کہ دونوں فریقین نے پاک-امریکا دو طرفہ تعاون' کی رفتار مستحکم رکھنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے اجلاس میں جن معاملات پر تبادلہ خیال کیا، اس میں افغانستان کا ذکر نہیں کیا لیکن امریکی مشیر قومی سلامتی نے اپنی نصف ٹوئٹ افغانستان کے نام کی۔انہوں نے لکھا کہ میں نے آج علاقائی روابط، سکیورٹی اور باہمی تعاون کے دیگر معاملات پر مشاورت کے لیے پاکستانی مشیر قومی سلامتی سے ملاقات کی۔ ہم نے افغانستان میں پر تشدد کارروائیوں میں فوری کمی کی ضرورت اور تنازع کے بات چیت کے ذریعے سیاسی تصفیے پر تبادلہ خیال کیا۔