اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل جاوید قمر نے کہا ہے کہ میڈیا پاکستان اور افغانستان کے درمیان سماج اور ثفافت کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام سے عوام کے رابطہ میں پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ آرمی چیف نے یہ بات افغانستان کے میڈیا کے 15رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے ان سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ یہ میڈیا اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کو تباہ کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور ان کو شکست دیں۔ افغانستان میں امن پاکستان کی دلی خواہش ہے کیونکہ دونوں ملکوں کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور دشمنوں کو امن کے عمل کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے جامع سرحدی مینجمنٹ نظام کا حوالہ دیا اور کہا کہ سرحدوں کی سکیورٹی پاکستان اور افغانستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ دونوں ممالک کے لئے علاقائی رابطہ کے فوائد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے ریجن کی پائیدار ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی بحالی کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے پاک افغان یوتھ فورم کی طرف سے صحافیوں کے دورے کے اہتمام کو سراہا اور کہا کہ امید ہے مستقبل میں تواتر سے وفود ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گے۔ افغان صحافیوں نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے افغان عوام کے لئے خلوص اور کوششوں، افغان مہاجرین کی میزبانی اور اٖفغان امن کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کو سراہا۔