اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کھلے عام اور بدترین دھاندلی ہوئی۔ ماضی میں آزاد کشمیر میں ایسی دھاندلی نہیں ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آزاد کشمیر کٹھ پتلی حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کشمیری عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا۔ وہ پیسے اور تشدد کی بنیاد پر حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ زیادہ پیسے والا آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنے گا۔ کوشش ہو گی آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن مشترکہ سٹرٹیجی اپنائے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تجویز بدنیتی پر مبنی ہے۔ حکومت الیکشن ریفارمز چاہتی ہے تو اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ عمران خان کے کٹھ پتلی نظام کیخلاف اپوزیشن کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ اپوزیشن ساتھ نہیں دے گی تو پیپلز پارٹی تنہا اپوزیشن کرنے کو تیار ہے۔ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن کو ایک پیج پر آنا پڑے گا۔ کٹھ پتلی حکومت نے آزاد کشمیر کے الیکشن پر ڈاکہ ڈالا ہے اور دھاندلی اور پیسے سے بنائی گئی آزاد کشمیر کی حکومت مستحکم نہیں ہوگی۔ پی پی پی آزاد کشمیر اسمبلی میں سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے۔ پیپلزپارٹی کا حق تھا کہ وہ آزاد کشمیر میں حکومت بناتی لیکن یہ حق ہم سے چھینا گیا۔ ہم وزیراعظم، سپیکر اور مخصوص سیٹوں پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر اس جعلی حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ امور کشمیر کا وزیر پیسے بانٹتے ہوئے پکڑا گیا، الیکشن کمیشن میں اس کا کشمیر میں داخلہ بند کیا لیکن اس کی خلاف ورزی کی گئی۔ پاکستان میں کشمیر کی سیٹوں کو نکال کر اگر صرف کشمیر کے انتخابات پر نظر دوڑائیں تو اس حکومت نے واضح اکثریت حاصل نہیں کی۔ اب پیسوں ہی سے وزیراعظم، سپیکر اور وزراء بنائے جائیں گے۔ پی پی پی کا موقف بالکل واضح ہے اور اگر باقی جماعتیں بھی واضح موقف اختیار کر لیں تو ہم مل کر اس کٹھ پتلی کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ہمارا واضح موقف ہے کہ پی پی پی کراچی سے کشمیر تک اس کٹھ پتلی کا مقابلہ کرے گی۔ ہم سلیکٹڈ کو بھگائیں گے، ہم نے سلیکٹڈ کو کراچی میں ملیر اور بلدیہ سے چھٹی پوزیشن پر پہنچادیا۔ ٹی وی پر بیٹھ کر لوگ یہ کہتے تھے کہ کشمیر سے پاکستان پیپلزپارٹی صرف دو نشستیں جیت سکے گی لیکن ہم نے 11نشستیں جیتیں اور 12ویں نشست پر ہمیں زبردستی ہروایا گیا۔ اس سوال کے جواب میں کہ عمران خان سندھ آرہے ہیں پر چیئرمین بلاول نے کہا کہ پورے پاکستان کے عوام عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ اس تبدیلی کی اصل چہرہ تاریخی غربت، بیروزگاری اور مہنگائی ہے۔ سندھ کے عوام اس کٹھ پتلی وزیراعظم کو پہچان چکے ہیں کہ اس نے مسلسل سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے اور سندھ کے لئے کوئی کام نہیں کیا۔ جب بھی عمران کو شکست دلوانے کی بات ہوئی ہے تو ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کو اچھے انداز سے اینگیج کیا ہے۔