خانیوال(سپیشل رپورٹر) تحصیل کونسل خانیوال میں بنے کورونا ویکسینیشن مرکز پہ سہولتوں کی شدید کمی ہے- شدید گرمی اور حبس کے موسم میں ویکسینیشن کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے نہ تو پینے کے پانی کا انتظام ہے اور ہال میں لگے چلرز بھی کام نہیں کررہے - ادھر مرکز پہ کام کرنے والے عملے نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پہ بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پہ 2500 شہری ویکسینیشن کے لیے مرکز پہ آتے ہیں جن کے لیے عملہ ناکافی ہے اور سنٹر پہ کوئی سیکورٹی کا انتظام بھی نہیں ہے- جبکہ سعودی عرب کے لیے منظور ویکسین کا اسٹاک نہ ہونے کے سبب سعودی عرب جانے والے شہریوں کو ویکسین لگانے کے لیے ملتان جانے کا مشورہ دیا جارہا ہے - تحصیل کونسل مرکز پہ اس وقت شہریوں کو چین کی بنی ہوئی عالمی ادارہ صحت سے منظور ویکسین کے تین برانڈ لگائے جارہے ہیں اْن سے ہٹ کر دوسری منظور شدہ ویکسین تحصیل خانیوال مرکز پہ موجود نہیں ہیں - ویکسینیشن سنٹر پہ آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ویکسین سنٹرز پہ جن سہولتوں کی فراہمی کا دعویٰ کیا جارہا ہے خانیوال میں وہ نظر نہیں آرہیں