کراچی(خبرنگار/اے پی پی)سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی سفارشات پر کمشنر کراچی نوید احمد شیخ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نالوں اوراطراف میں کچرا پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے تمام کچراچننے والے یا کوئی بھی فرد جو نالوں یا اطراف میں کچرا پھینکیں گے انکے خلاف قانونی کاروائی کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے سکریٹری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی سفارشات پر نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ ایک سروے کے مطابق کراچی کے تین بڑے نالے محمودآباد نالہ، گجر نالہ، اورنگی نالہ اور دیگر چھوٹے بڑے نالوں کے اطراف کچرا چننے والوں کے تقریباً سو سے زائد گروہ موجودہیں جو کچرے سے کام کی اشیائ نکال کر باقی کچرا نالوں میں پھینک کر چوک کر دیتے ہیں جس سے بارش میں یہ نالے اوورفلو ہوتے ہیں اور پانی آبادیوں میں داخل ہوجا تھا ہے۔ سندھ حکومت ہر سال نالے صاف کرتی ہے لیکن ہر سال کچرا نالوں میں پھینکنے کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ لہذا متوقع بارش کے پیش نظر پہلے سے اقدامات کرتے ہوئے کچرا پھینکنے پر28 ستمبرتک مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔کمشنر کراچی نے نوٹیفیکیشن میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ایسے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ہدایت کردی ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے نالوں و اطراف اور جگہ جگہ کچرا پھینکنے سے گریز کریں اورایسے لوگوں کی نشاندہی بھی کریں جو شہر کو نقصان پہنچارہے ہیں۔