ملتان (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 12 سال کی عمر میں ایجبسٹن میں اپنے پسندیدہ کرکٹرز عمران خان اور محسن حسن خان کو دیکھنے کیلئے دوستوں کے ساتھ جنگلہ پھلانگ کر اسٹیڈیم میں داخل ہوگئے تھے۔، میچ کا ٹکٹ بھی نہیں تھا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ انڈر 19 اور 1995ئ میں واروکشائر کائونٹی کی اس ٹیم کا حصہ تھا جس نے سیزن ڈبل کیا۔ایلن ڈونلڈ اور شان پولاک جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئرکیا، کائونٹی میں نک نائٹ کے ساتھ اننگز اوپن کرتا تھا۔ میری بیٹنگ اوسط 49 کی تھی اور پہلے سیزن میں بہترین سکور 181 رنز رہا۔ نیوزی لینڈ سے ویلنگٹن کی ٹیم کی نمائندگی کرچکا ہوں۔وسیم خان نے 58 فرسٹ کلاس میچز میں 30.15 کی اوسط سے 2835 رنز سکور کیے جن میں 5 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں۔وسیم خان انگلینڈ کی نمائندگی تو نہیں کرسکے لیکن 97-1996ء میں دورہ آسٹریلیا کے دوران وہ ایک بار پاکستان کے لیے متبادل فیلڈر کی حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے۔