پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا میچ آج گیانا میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کھیلا جائیگا۔آج بھی بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا ۔ گرین شرٹس کی قیادت بابر اعظم اور کالی آندھی کی کیرن پولارڈ کریں گے ۔ امکان ہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے دونوں ٹیموں کے پہلے میچ کے سکواڈ کو برقرار رکھا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق یکم اگست کوتیسرا اور 3 اگست کوچوتھا ٹی ٹونٹی میچ کھیلا جائیگا۔ابتدائی طور پر 27 جولائی کو شیڈول پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے مابین چھٹی باہمی ٹی ٹونٹی سیریز ہے ، پاکستان نے پچھلی 5 ٹی ٹونٹی سیریز میں سے 4 میں فتح کیساتھ ویسٹ انڈیز پر اپنی دھاک بٹھا رکھی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے 2011ء میں دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا واحد ٹی ٹونٹی میچ جیتا تھا جس کے بعد پاکستان نے اپنی بالا دستی قائم کررکھی ہے۔مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے 15 میچوں میں سے پاکستان نے 11 جیتے اور 3 میں شکست ہوئی‘ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے۔ ویسٹ انڈیز میں 7 میچز کھیلے گئے ہیں جس میں سے پاکستان نے 5 میں کامیابی حاصل کی۔ رینکنگ میں پاکستان 261 پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم 235 پوائنٹس کیساتھ 7ویں نمبر پر ہے۔ سیریز میں 0-4 سے کلین سویپ کرنے کی صورت میں پاکستان 263 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا جائیگا۔