امریکہ میں پاکستانی برآمدات میں بڑا اضافہ، حجم 9 ارب ڈالرتک پہنچ گیا


اسلام آبا د (خصوصی نامہ نگار)امریکہ میں پاکستانی برآمدات میں بڑا اضافہ، حجم 9 ارب ڈالرتک پہنچ گیا ۔ امریکہ میں پا کستانی سفیرمسعود خان نے کہا ہے امریکہ میں پاکستانی برآمدات میں پچھلے سال کے مقابلے میں بڑا اضافہ سامنے آیا ہے۔ 9 ارب ڈالر کی پاکستانی برآمدات میں سالانہ 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال امریکہ کے لئے پاکستانی برآمدات سات ارب ڈالر تھیں لہذا اس سال برآمدات میں گذشتہ سال کے مقابلے میں  دو ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2021-22  میں امریکہ سے درآمدات تین ارب رہیں جبکہ گذشتہ سال کی درآمدات دو اعشاریہ چار ارب ڈالر تھیں۔ اس طرح اس سال پاکستان اور امریکہ کے مابین کل تجارتی حجم بڑھ کر بارہ ارب ڈالرہوگیا ہے جبکہ گذشتہ سال یہ تقریباً ساڑھے نو ارب ڈالر رہا۔  سفیر پاکستان نے کہا امریکہ کے ساتھ  دوطرفہ تجارت میں پاکستان کو بڑی تجارتی کثرت (ٹریڈ سرپلس) حاصل ہے۔ امریکہ میں  پاکستانی برآمدات میں متاثر کن اضافہ دنیا کے دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت کے ضمن میں ایک ٹرینڈ سیٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے  پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہونے کی اولیت برقرار رکھی ہے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ اگر ہماری برآمدات میں 35 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ جاری رہا تو آئندہ تین سال میں پاکستان امریکہ تجارت کا حجم بیس ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا جو  دونوں ملکوں کے درمیان موجود تجارت کے بے شمار استعداد (پوٹینشل ) کے  اعتبار سے پھر بھی میانہ ہے۔ ہماری توجہ روابط، پیداوار اور ٹھوس نتائج کے حصول پر ہے اور اس کے ثمرات بہت جلد سامنے آئیں گے۔

ای پیپر دی نیشن