اسلام آباد(اے پی پی)ملک سے اشیائے خوراک کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر23.4 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2022 میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے ملک کو5.41 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجومالی سال 2021 کے مقابلہ میں 23.4 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2021 میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے ملک کو4.39 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا،جون میں اشیائے خوراک کی برآمدات کاحجم 499 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومئی کے 462 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 8.1 فیصد اورگزشتہ سال جون کے 432 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 15.5 فیصدزیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران اشیائے خوراک کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر8 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، مالی سال 2022 میں اشیائے خوراک کی درآمدات کاحجم 9.01 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومالی سال 2021 کے 8.34 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 8 فیصدزیادہ ہے،جون میں اشیائے خوراک کی درآمدات سے ملک کو565 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجومئی کے مقابلہ میں 19.6 فیصد کم اورگزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 29.2 فیصدکم ہے۔