شیخوپورہ‘ ملتان‘ بہاولپور (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگاران) لاہور‘ شیخوپورہ اور جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی بلوں میں سیلز ٹیکس شامل کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ‘ بل نذرآتش‘ ادا نہ کرنے کا اعلان ‘ میٹر کاٹنے پر میپکو اہلکاروں کو ایمبولینس میں بھجوانے اور سول نافرمانی کی دھمکی دیدی‘ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب پاکستان کے زیر اہتمام چونگی نمبر 9 پر بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس عائد کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کی قیادت سلطان محمود ملک، ملک مقبول کھوکھر، ملک اکرم سگو ملک اقبال جاوید شیخ سلیم ملک زیبر نعیم فہیم صدیقی نے کی۔ مظاہرہ میں حکومت اور مفتاح اسماعیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی روڈ بلاک ہونے سے ٹریفک کا نظام کئی گھنٹے معطل رہا۔ سلطان محمود ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کے بعد ہڑتال کی کال دی جائے گی اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے اور پارلیمنٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ لاہور پریس کلب کے سامنے بھی تاجروں نے احتجاج کیا۔ ادھر انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ اور انجمن تاجران پرانا اڈہ لاریاں کے عہدیداران فیضان شفیق خان، سیٹھ محمد عظیم، اسحاق مٹھو، چوہدری محمد ارشد چھرا، عبدالحمید شیخ، عثمان وسیم، شعیب اسامہ، رانا ہمایوں نے مقامی تاجروں کے ہمراہ خادم حسین روڈ پر احتجاج کیا اور حکومت کی طرف سے عائد کردہ نئے ٹیکسز کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، شرکاء احتجاج نے یوٹیلٹی بلز اور اپنے مطالبات پر مبنی کتبے اٹھا رکھے تھے۔ فیضان شفیق خان، سیٹھ محمد عظیم، چوہدری محمد ارشد چھرا اور عبدالحمید شیخ نے کہا کہ حکومت نت نئے ٹیکسز کا نفاذ کرکے تاجر برادری کی کمر توڑ رہی ہے۔ ریلیف کی فراہمی کا وعدہ پورا کرنے کی بجائے الٹا ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا جارہا ہے جو قابل قبول نہیں ہم ایسا کوئی اقدام قبول نہیں کریں گے جس سے تاجر برادری کا مالی استحصال ہو، حکومت کو نئے ٹیکسز کے نفاذ کا فیصلہ واپس لینا ہوگا اور ہمارا یہ اصولی مطالبہ جب تک پورا نہیں ہوتا ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔