ملتان‘ خانیوال، وہاڑی(نمائندہ خصوصی، کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسرملتان رفعت مختار راجہ کی زیرصدارت ڈی پی اوآفس میں محرم الحرام کے سلسلہ میں منتظمین مجالس و جلوس کے ساتھ اجلاس منعقدہوا ڈی پی او حافظ عطاء الرحمن نے سیکورٹی انتظامات پر مکمل بریفنگ دی۔آرپی او ملتان نے کہاکہ ممبران امن کمیٹی ‘تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ‘صحافی برادری اورشہریوں کے تعاون سے انشاء اللہ ملتان رینج میں امن وامان کی فضاء کو ہرصورت برقراررکھاجائیگاتاہم علماء کرام کسی بھی فورم سے مذہبی دل آزاری یا مذہبی منافرت کے پھیلائو کی حوصلہ شکنی کریں‘ ‘ عزاداروں کی حفاظت کے لیے تمام جلوس و مجالس میں سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کو یقینی بنایاجائیگا اورمجالس وجلوس کی بذریعہ ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے۔وہاڑی سے کرائم رپورٹر کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ملتان راجہ رفعت مختار نے کہا ہے کہ محرم الحرام صبر، استقامت، برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ موجودہ وقت میں اتحاد المسلمین ناگزیر ہے۔ محرم الحرام کے دوران امن برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے وہاڑی وزٹ کے دوران کیا۔ اسکے علاوہ ریجنل پولیس آفیسر ملتان راجہ رفعت مختار نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی رانا شاہد پرویز کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے مرکزی امام بارگاہ وہاڑی کے جلوس کے روٹ کا وزٹ کیا۔ وزٹ کے موقع پر ان کے ہمراہ امن کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔ اس دوران وہ مجلس اور جلوس کے منتظمین سے بھی ملے ریجنل پولیس آفیسر کو سکیورٹی انتظامات،روٹس ہائے اور اہم ایشوز کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔