اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مزید 10 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 5-5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا جبکہ غداری کے مقدمہ میں 8 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کر کے ریکارڈ سمیت طلب کر لیاہے ۔ اس سے قبل پانچ مقدمات میں وہ پہلے ہی ضمانت پر ہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ویسٹ کامران بشارت مفتی نے لانگ مارچ کیدوران توڑ پھوڑ ، کارکنوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تھانہ گولڑہ، ترنول،کوہسار، سیکرٹریٹ، آبپارہ، کراچی کمپنی اور تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج 10مقدمات جبکہ تھانہ کوہسار میں درج غداری کے ایک مقدمہ میں عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی ۔ عمران خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ بابر اعوان نے کہاعمران خان کے خلاف ایک ہی نوعیت کے پندرہ مقدمات درج ہیں، پانچ میں ضمانت ہو چکی، دس مزید کیسز میں ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے توڑ پھوڑ کے 10 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور کرتیہوئے 5-5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی جبکہ غداری کے ایک مقدمہ میں عمران خان کی 8 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کر کے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
ضمانت منظور