پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو باربار ڈوس سے شکست بھارت سے مقابلہ آج

لاہور(سپورٹس رپورٹر)کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ایونٹ میں بارباڈوس نے پاکستان کو 15 رنز سے ہرا کر 2 پوائنٹس حاصل کر لئے، قومی ٹیم 145 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ برمنگھم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں بارباڈوس ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں  پر 144رنز بنائے، کائسیا نائٹ نے ناقابل شکست 62 رنز بنائے، کپتان ہیلی میتھیوز 51 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں۔فاطمہ ثنا ء نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔  پاکستان ویمنز نے 6 وکٹوں پر 126 رنز بنائے۔ ندا ڈار نے 31گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔کپتان بسمہ معروف نے 28گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 12رنز بنائے ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج کھیلا جائیگا، دونوں ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں، قومی خواتین ٹیم بسمہ معروف کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ بھارتی ٹیم کو ہرمنپریت کوہر لیڈ کریں گی، سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لئے یہ میچ دونوں ٹیموں کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 3 اگست کو آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گی، ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل 6 اگست جبکہ فائنل 7 اگست کو کھیلا جائے گا ۔ ویمنز کرکٹ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 13رنز سے شکست دیدی ۔فاتح ٹیم نے 2وکٹوں پر 167رنز بنائے ۔  جنوبی افریقن ٹیم 6وکٹوں پر 154رنز بناسکی ۔  

ای پیپر دی نیشن