لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں National Action Plan of NICs اور فیڈرل انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن منسٹری کی زیر سرپرستی چلنے والے کوڈی سکلز یوتھ ایمپاورمنٹ ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کیا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز چیئرمین نسٹ نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈاکٹر وجاہت قاضی کامسیٹ یونیورسٹی، غلام علی سی ای اوعلم کی دنیا، انڈسٹریل ایکسپرٹس، پروگرام منیجرز مبین،واسع، مغیث،عمر ،خبیر اور تعلیمی ماہرین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروگرام کے تحت 20 لاکھ نوجوانوں،گھریلو خواتین اور مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایمرجنگ ٹیکنالوجی اور فری لانسنگ کی ٹریننگ دی جائے گی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہے انہیں جدید علوم کی طرف مائل ہونے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل سکلز کی تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری اور ان کی ترقی کے لئے ذاتی طور پر دلچسپی لے رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔