کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر اضلاع میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم مرطوب رہے گا .تاہم کراچی، سکھر، لاڑکانہ،جیکب آباداورگردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، شمالی و مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔تاہم کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی اور مشرقی بلوچستان میں بھی الگ تھلگ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں جاری ہیں جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مون سون کے چوتھے اسپیل سے متعلق محکمہ موسمیات کی بڑی پیش گوئی سامنے آگئی تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10 اگست تک شہر میں تیز بارش کا امکان نہیں ہے البتہ 10 اگست سے مون سون کا چوتھا اسپیل شہر کو متاثر کرے گا۔