اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو ڈیفالٹ کرکے چھوڑ گئے تھے لیکن ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، عمران خان پوچھتے ہیں ذمہ دار کون ہے؟ ذمہ دار آپ ہیں، ماضی کی حکومت کی پالیسیوں کے باعث تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا۔ تحریک انصاف ملک کو دیوالیہ کرکے چھوڑ گئی، اسے بچانے کے لیے ہم سب کو ٹیکس دینا ہوگا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ روپے پر جلد دباؤ ختم ہوجائے گا اور چیزیں آسان ہوجائیں گی، تین ماہ میں ایسی کوئی کام نہیں کیا جس سے روپے کی قدر میں کمی آئے، درآمدات میں کمی کے باعث روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، اس ماہ 5 ملین ڈالر کی درآمدات ہوئیں درآمدات میں یہ کمی خوش آئند ہے۔