امام حسین ؓ نے شریعت مطہرہ کی سر بلندی کیلئے عظیم قربانی پیش کی،نقیب الرحمن

Jul 31, 2023

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم کی شریعت مطہرہ کی سر بلندی کی خاطر حضرت امام حسین ؓ نے ِ کر بلا میں عظیم قربانی پیش کر کے دینِ متین کوحیات ِ جا ودانی بخشی اور یہ مشن قیامت تک حق و صداقت کے علم برداروں کیلئے مشعل ِ راہ رہے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قبلہ صاحبزادہ پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ، آپ کے گھر والے اہل بیت اطہار اور در والے اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین کا ذکرِ کرتے ہوئے ہمیں نہایت ادب و احترام کو ملحوظ رکھنا چاہئے کیونکہ اہلِ بیتِ پاک ؓ کی نسبت حضور نبی کریمکے ساتھ ہے اور جن کی شان میں قرآنِ کریم کی آیت تطہیر نازل ہوئی ہے۔ شریعتِ مطہرہ کی تابعداری اور سنتِ نبوی کی اتباع وپابندی، کمزوروں و مظلوموں کی مدد اور ظالموں اور ظلم کے آگے ڈٹ جانا ہی حسینی ؓکردار ہے اور سنتِ نبوی کا تارک، شریعتِ مطہرہ کو چھوڑنے والا، شراب پینا، زنا کرنا اور مخلوقِ خدا پر ظلم و ستم کرنا یزیدیت ہے۔ان خیالات کا اظہار ا±نہوں نے گذشتہ روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ماہانہ محفل بارہویں شریف کے روحانی اجتماع میں حضرت امام حسینؓ اور آپ کے رفقاءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ محفل میں کثیر تعداد میں علماءکرا م جن میں مفتی محمد عامر (کراچی)،ڈسٹرکٹ خطیب حافظ اقبال رضوی،علامہ قاری حسین احمد مدنی، حافظ غلام مصطفی، مفتی فیصل حسین نقشبندی، علامہ ضمیر اختر راناو دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ نعت پاک کا نذرانہ محمد عامر فیاضی، حافظ غلام مصطفی قادری، عبد الکبیر و دیگر نے پیش کیا، اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کی خصوصی دعا کے ساتھ ہوا ۔
نقیب الرحمن

مزیدخبریں