یوم عاشور مذہبی عقید ت و احترام سے منایا گیا ، ملک بھر سکیورٹی کے سخت انتظامات 


اہور (خصوصی نامہ نگار +آئی این پی ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا، لاہور، کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے جبکہ سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے میدان کربلا میں 10 محرم الحرام کو اسلام کی بقا کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایسی مثال قائم کی جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کر دی، فرزندان اسلام نے یوم عاشور پر انہیں بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا، مجالس عزا کے دوران علمائے کرام اور ذاکرین نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوں سے آگاہ کیا۔ 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس لاہور کی نثار حویلی سے برآمد ہوا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی، حضرت امام حسین کے بیٹے حضرت علی اکبر کی آخری اذان کا تذکرہ اور نبی پاک کے گھرانے پر مظالم کے غم میں زنجیروں کا ماتم ہوا، لاہور کا مرکزی جلوس مغرب کے بعد گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جلوس کے روٹس کی چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات تھے، مرکزی جلوس کی 395 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی، اس حوالے سے 3 آپریشن روم بنائے گئے تھے، مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 11 ہزار پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ کراچی میں بھی عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا، کوئٹہ میں 10 محرم الحرام کا جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا جو نماز مغرب کے وقت دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، جلوس کیلئے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے، پولیس اور ایف سی کے 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات تھے۔ بہاولپور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ شیعہ جامع محلہ چاہ فتح خان سے برآمد ہوا جبکہ شہر میں یومِ عاشور کے موقع پر 112 جلوس برآمد ہوئے اور 32 مجالس عزا منعقد کی گئیں۔ میرپور آزاد کشمیر میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ بیت العزن سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہو کر واپس امام بارگاہ بیت العزن پر اختتام پذیر ہوا، مرکزی جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور پشاور میں بھی 10 محرم کے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔
یوم عاشور 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...