الیکشن کمشن جب کہے گا انتخابات ہوجائیں گے ، محسن نقوی 

 لاہور+ گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے لاہور، سیالکوٹ موٹروے سے گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے منصوبے کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ موٹرے وے لنک روڈ پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ موٹروے لنک روڈ پراجیکٹ میں اعلیٰ تعمیراتی معیارکو یقینی بنایا جائے۔ پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ محسن نقوی نے گوجرانوالہ موٹر وے لنک روڈ پراجیکٹ کی زیر تعمیر سڑک کا بھی وزٹ کیا۔ ایف ڈبلیو او کے حکام نے وزیراعلی محسن نقوی کو پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ موٹر وے لنک روڈ پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باوجود یہ پراجیکٹ اپنے مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ اسے دن رات کام کرکے پورا کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ کو جلد موٹر وے سے لنک کر دیا جائے گا۔ انتخابات الیکشن کمشن کا کام ہے جب وہ کہیں گے ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے دونوں ہسپتالوں کے درمیان شٹل سروس شروع ہو چکی ہے۔ ہسپتالوں میں ایچ آر کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے واقعہ کی ابتدائی تحقیقات مکمل ہوچکی ہے۔ ذمہ داروں کو سخت سزا ملے گی۔ ضرورت پڑی توجوڈیشل انکوائری بھی کرائیں گے۔ پولیس کو مکمل بااختیار بنایا ہے۔ صوبائی وزیر بلال افضل، چیف سیکرٹری، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، آر پی او، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی سی، ڈی پی او اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے باجوڑ کے علاقے خار میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اتحاد کی قوت سے اس ناسورکا خاتمہ کریں گے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ الحمدللہ! پنجاب بھر میں تمام جلوس اور شام غریباں کی مجالس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئیں اورکوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ عشرہ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی انتھک کوششوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پنجاب بھر میں 95 فیصد علاقوں میں موبائل فون سروس بحال ہونے کے باوجود سکیورٹی کو یقینی بنانے پر انٹیلی جنس ایجنسیوں، سی ٹی ڈی، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے راجن پور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ بعدازاں وزیراعلی محسن نقوی نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے کربلا گامے شاہ میں پرامن اختتام پذیر ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا بے پناہ شکرادا کرتے ہیں کہ پنجاب بھر میں یوم عاشور خیر و عافیت اور پرامن طور پر گزرا۔ پولیس، انتظامیہ اور واسا سمیت تمام اداروں نے دن رات ایک کیا جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ محسن نقوی نے کہا کہ 40 ہزار مجالس اور 10 ہزار جلوسوں کی سکیورٹی ایک چیلنج سے کم نہ تھی۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ رواں برس یوم عاشور پر موبائل سروس کو بند نہیں کرنا کیونکہ اس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رواں برس 95 فیصد موبائل سروس بحال رہی، جہاں ضرورت تھی صرف وہاں موبائل سروس بند کی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی شبانہ روز محنت کے باعث ایام محرم الحرام خصوصا یوم عاشور پرامن گزرا۔ سکیورٹی اور امن عامہ کیلئے فول پروف انتظامات پر صوبائی وزرائ، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں۔

ای پیپر دی نیشن