ملک میں دھماکے ہورہے ، بدامنی بڑھ رہی ، عوام کے پاس کیا لے کر جائیں گے : سراج الحق 

لوئر دیر (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں دھماکے ہو رہے ہیں، بدامنی بڑھ رہی ہے، قائداعظم کے پاکستان کو کہاں پہنچا دیا۔ آپ کو مزید ایک دن وزیراعظم نہیں رہنا چاہیے۔ لوئر دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ 70 سالوں سے ملک کو امن نصیب نہیں ہوا۔ میں پوچھتا ہوں کہ حکمران 15 مہینے کے بعد عوام کے پاس کیا لے کر جائیں گے۔ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام نے روس اور نیٹو کا مقابلہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مالا کنڈ کے لوگ چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت نے جو وعدے کئے ان کو پورا کیا جائے۔ یہاں کے لوگ سب سے زیادہ پیسہ باہر سے بھجوا رہے ہیں مگر الٹا ان کا حق لیا جا رہا ہے، ہمارے علاقوں میں پیدا ہونے والے معدنیات اور بجلی رائیلٹی نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، یہاں کے لوگوں کو بجلی نہیں دی جا رہی۔ جماعت اسلامی نے پاکستان کے عوام کو بیدار کرنے کا آغاز کیا ہے، سب کرپٹ لوگ ہیں۔ پانامہ لیکس، بنک ڈیفالٹر، باہر ممالک میں پیسے بھجوانے والوں میں ان کے نام شامل ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ ہمارا خیال تھا چوروں کا احتساب سپریم کورٹ کرے گی، پانامہ لیکس پر پانچ سال بعد عدالت کو ہم یاد آئے، یہ عدالتیں ان کا احتساب نہیں کریں گی۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا پورا ملک اس وقت بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، کے پی، بلوچستان میں خودکش دھماکے ہو رہے ہیں، مساجد، بازار، جلسے، مدارس غیر محفوظ ہیں، حکومت 8اگست کا انتظار کرنے کی بجائے اقتدار چھوڑے اور گھر جائے۔ پی ٹی آئی کے دس سالہ دور میں خیبر پی کے میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ، اب بھی صوبہ میں ریکارڈ کرپشن جاری ہے، ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک کی جغرافیہ اور کلچر محفوظ نہیں، یہ کرپٹ لوگ ہیں انھوں نے آف شورزکمپنیاں بنا کر بیرون ملک جائدادیں اور محلات خریدے، اپنے شہزادوں اور شہزادیوں کا مستقبل محفوظ اور قوم کے بچوں کا تباہ کیا، ان کے نام قرضہ معاف کرانے والوں کی لسٹوں اور نیب کی فائلوں میں ہیں، پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں ان کی ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کی داستانیں ہیں، یہی لوگ حرام کی دولت کی بنا پر اسمبلیوں میں جاتے ہیں اور پھر لوٹ مار شروع کر دیتے ہیں، ملک کے تمام ادارے ان کا احتساب کرنے میں ناکام ہو گئے۔ حکمران طبقہ 17ارب ڈالرسالانہ کی مراعات وصول کر رہاہے ، عوام کو دوقت کی روٹی کے لالے پڑے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان ہے، بدامنی سے پوری قوم متاثر ہے، حکمران بلٹ پروف گاڑیوں میں گھومتے ہیں اور سرکاری سکیورٹی میں محلات میں مقیم ہیں۔ مہنگائی کے خلاف جلسے کرنے اور جلوس نکالنے والی جماعتیں حکومت میں آ کر خاموش ہیں۔ امریکہ، ورلڈبنک اور آئی ایم ایف کے غلاموں کا نظام 100 سال بھی رہے تو بھی پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ جماعت اسلامی نے مالاکنڈ سمیت پاکستان بھر کی عوام کو بیدار کرنے کے لیے مہم کا آغاز شروع کیا ہے۔ اس ملک کو پرامن جمہوری انقلاب کی ضرورت ہے، عوام جماعت اسلامی کو موقع دے تاکہ قرآن و سنت کا نظام ملک میں نافذ ہو اور حقیقی معنوں میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے، نوجوان مایوسی کی بجائے اسلامی جمہوری اور پروگریسو جماعت کا حصہ بنیں اور ووٹ کی طاقت کے ذریعے نااہل حکمرانوں سے انتقام لیں، اب جماعت اسلامی ہی واحد آپشن ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...