”تعیناتی پر خوش ہوں“ نئی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اسلام آباد پہنچ گئیں

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان کے لیے برطانیہ کی نامزد ہائی کمشنر، جین میریٹ برطانوی ہائی کمشن اسلام آباد میں پہنچ گئی ہیں۔ برطانوی ہائی کمشن کے مطابق اسلام آباد میں اپنی آمدکے موقع پر جین میریٹ نے کہا ہے کہ میں یہاں پاکستان میں اپنی تعیناتی پر بہت خوش ہوں۔ برطانیہ میں پاکستانی پس منظر رکھنے والے 1.6 ملین سے زیادہ لوگ آباد ہیں جو برطانوی معاشرے کے ہر پہلو کا عملی حصہ ہیں۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ایک خاص اور ہمیشہ بڑھتا ہوا خصوصی رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دوستی ہماری مشترکہ تاریخ اور اقدار، عوام کے درمیان گہرے تعلقات، بڑھتے ہوئے تجارتی روابط اور ایک تجدید شدہ ترقیاتی شراکت داری پر قائم ہے۔ میں ان میں اضافے کے لیے سخت محنت کروں گی۔ میں ماحولیاتی ہنگامی صورتحال کے باعث دنیا بھر میں صحت اور معاش کے لیے بڑھتے ہوئے خطرے پر نظر رکھتے ہوئے ہمارے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو فائدہ مند اور پائیداربنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہوں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے2001 ءمیں یو کے گورنمنٹ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس میں شمولیت اختیار کی۔ وہ پاکستان میں تعیناتی سے قبل ستمبر2019 ی سے جون 2023ءتک کینیا میں برطانوی ہائی کمشنر کے طور پر تعینات رہیں۔ جین یمن میں بھی بطور برطانوی سفیر کے ذمہ داریاں انجام دے چکی ہیں۔ وہ امریکہ، عراق، ایران اور افغانستان میں بھی اہم عہدوں پر تعینات رہی ہیں جن میں برطانیہ کے مشترکہ انٹرنیشنل کاﺅنٹر ٹیررزم یونٹ کی سربراہی بھی شامل ہے۔
جین میریٹ

ای پیپر دی نیشن