کوپن ہیگن(این این آئی)ڈنمارک میں قرآن پاک کو بے حرمتی سے بچانے کی کوشش کرنے والی خاتون پر بھی ملعون افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈینش پیٹریاٹس نامی گروپ نے گزشتہ دنوں ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں دو مرتبہ قرآن پاک کی بےحرمتی کی تھی جس کے خلاف مسلم دنیا میں بڑے پیمانے پر احتجاج بھی کیا گیا۔سوشل میڈیا پر ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے والے روز کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک خاتون کو قرآن پاک کو بے حرمتی سے بچانے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بڑی عمر کی خاتون قرآن پاک کو بے حرمتی سے بچانے کے لیے ساتھ اٹھا کر لے جاتی ہے تاہم اسی دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے افراد اس خاتون پر حملہ آور ہو جاتے ہیں اور اسے زمین پر گرا کر اس سے قرآن پاک چھیننے کی کوشش کرتے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون مدد کے لیے پولیس کو بھی پکار رہی ہے لیکن ڈچ پولیس بجائے خاتون کی مدد کرنے اور قرآن پاک کو بے حرمتی سے بچانے کے اس خاتون کو ہی حراست میں لے لیتی ہے۔یاد رہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سعودی عرب نے گزشتہ روز ڈنمارک کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ڈنمارک حکومت سے توہین آمیز اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ توہین آمیز اقدامات مذہبی تعلیمات اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہیں۔
ڈنمارک میں قرآن کو بیحرمتی سے بچانے والی خاتون پر حملہ
Jul 31, 2023