فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) سابق ضلعی ناظم رانا زاہد توصیف نے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی مفاد کے پیش نظر خسارہ میں چلنے والے تمام سرکاری اداروں کی پرائیویٹائزیشن کی جائے انہوں نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کی زبوں حالی‘ مالی ابتری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وقت تھا کہ جب دنیا بھر میں پی آئی اے کا اپنا ایک منفرد مقام تھا کئی ممالک کی ایئرلائنز نے پی آئی اے سے استفادہ کیا مگرناقص پالیسیوں‘ حکمرانوں کی مبینہ غفلت کے عدم توجہی اور دیگر عوامل کے باعث پی آئی اے زوال پذیر ہو چکی ہے اسی طرح پاکستان ریلوے ‘ پاکستان اسٹیل مل‘ یوٹیلٹی سٹور ز کارپوریشن اورنج لائن ٹرین میٹرو سمیت دیگر ادارہ جات مسلسل خسارہ میں جا رہے ہیں جس کے باعث ہر سال اربوں روپے خسارہ کا سامنا ہے اگر قومی ائرلائن ‘ ریلوے و دیگر خسارہ میں جانے والے اداروں کو منافع بخش بنانا ہے تو فوری طور پر مذکورہ اداروںکو نجی شعبہ میں دینا ہو گا اور اس کے لئے حکومت کو کوئی ٹھوس اور احسن پالیسی وضع کرنا ہو گی انہوں نے مزید کہا کہ کاٹن ریسرچ کا ادارہ بھی خسارہ میں جا رہا ہے ہم متعدد اداروں کو پرائیویٹ کر کے اربوں روپے کے خسارہ سے بچ سکتے ہیں اور قومی خزانہ پر بوجھ نہیں پڑے گا اگر ملک کو خوشحال بنانا ہے تو اس سنگین مسئلہ کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
خسارہ میں چلنے والے سرکاری اداروں کی پرائیویٹائزیشن کی جائے : زاہد توصیف
Jul 31, 2023