ریاست نے انسانی حقوق کی پامالی پر خاموشی اختیار کرلی: تنویر خان

Jul 31, 2023

لاہور ( کامرس رپورٹر)انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل تنویر احمد خان نے کہا ہے کہ بے حیائی کا طوفان مہنگائی بحران سے بڑا خطرہ ہے۔ ریاست نے انسانی حقوق کی پامالی پر خاموشی اختیار کرلی۔ اگر ایک عمارت پر مبینہ طور پر حملے میں ملوث سیاسی کارکنان کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جاسکتا ہے تو پھر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں قوم کی ہزاروں باوفا و باصفا بیٹیوں کی ناموس پر شب خون مارنیوالے درندے ابھی تک کیوں دندناتے پھر رہے ہیں۔جنسی درندوں نے قوم کی بیٹیوں کی عزت روند دی جبکہ بدقسمتی سے سرکاری محکمے شرپسند عناصر کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔ ریاست اور حکومت بتائے اب تک اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شرمناک واقعہ کے مرکزی کرداروں کی گرفتاری کیلئے کیا ایکشن لیا۔ اپنے ایک بیان میں تنویر احمد خان نے مزید کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے نااہل وی سی کو بھی انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ، حالیہ پریس کانفرنس موصوف کے گناہ کا کفارہ نہیں ہوسکتی ، اگر وی سی کو دلخراش واقعات کا علم تھا تو بھی اور اگر انہیں اپنی ناک کے نیچے ہونیوالے جنسی درندگی کی کچھ خبر نہیں تھی تو اس صورت میں بھی وہ اس منصب کے اہل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور پولیس حکام اپنے بیانات بند کریں اور ٹھوس اقدامات شروع کریں۔ اگر اس بار بھی حکومت نے مصلحت اور منافقت سے کام لیا تو پھر عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بدعنوانی اور بدانتظامی کے بوجھ سے ریاست کمزور و ناتواں ہوجائے تو قانون شکن زور آور اور نڈر ہو جاتے ہیں۔ صرف سخت اور برقت سزاؤں سے آبرو ریزی سمیت مختلف مجرمانہ سرگرمیوں کے سیلاب کو روکا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں