اسلام آباد(اے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کپاس کے کاشتکار زرعی زہریں خریدتے وقت محکمانہ ہدایات پر عمل کریں۔زرعی زہر ایسے قابل اعتماد اور مستند ڈیلروں سے خریدیں جن کی دکان پر محکمہ زراعت کا جاری کردہ لائسنس آویزاں ہو۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاکہ زرعی زہریں خریدتے وقت زہر کی سیل شدہ پیکنگ اور اس پر درج تاریخ /معیاد استعمال اچھی طرح چیک کریں۔ زرعی زہریں خریدتے وقت رسید حاصل کریں اور اسے سنبھال کر رکھیں۔ رسید پر زہر کا نام اور بیج نمبر ضرور لکھوائیں۔رجسٹرڈ ڈیلر کی دکان کے علاوہ دوسری جگہ سٹور کی گئی یا ویگنوں پر فروخت کی جانے والی زرعی زہریں ہرگز نہ خریدیں۔کاشتکاروں کی آسانی کیلئے کاٹن زون میں کسان سہولت سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ کاشتکار ان سنٹرز سے بھی مناسب نرخوں پرمعیاری زرعی زہریں خرید سکتے ہیں۔ محکمہ زراعت کی جانب سے زرعی زہر کو لیبل پر درج سفارش کردہ مقدار کے مطابق استعمال کریں۔