گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )اپنی رہائشگاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماسابق صوبائی وزیرچوہدری اقبال گجر نے کہا ہے کہ باطل کے سامنے کلمہءحق کہنا ہی حسینیت ہے، نواسہءرسول حضرت امام حسین ؓ نے اپنی اوراہل خانہ کی جانوں کے نذرانے دے کر دین اسلام کونئی زندگی بخشی،قیامت تک انکی اس عظیم قربانی جیسی کوئی دوسری مثال نہیں مل سکتی۔ انہوںنے کہا کہ نواسہ ءرسول حضرت امام حسین ؓصبرو استقامت اور جرات وشجاعت کی وہ تاریخ رقم کی جو پوری انسانیت کیلئے تاقیامت مشعل راہ ہے ، واقعہ کربلا سے ظلم اور جبر کے سامنے کسی بھی قیمت پر سر نہ جھکانے کادرس ملتاہے، حق کے لئے سرکٹا کر حضرت امام حسین ؓانکے اہلخانہ اور ساتھی تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے جبکہ یزید اور اسکے لشکری تاریخ کا سیاہ باب بن چکے ہیں ،نواسہ ءرسول حضرت امام حسین ؓ کی یہ عظیم قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔