لاہور (خصوصی نامہ نگار،نامہ نگار)جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے باجوڑ میں جے یوآئی کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ واقعہ سوچی سمجھی سازش کا حصہ لگتا ہے ،حکومت وقت اس واقعے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کروائے۔ جے یوآئی کے لوگوں ایک عرصے سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ ان کا جرم یہ کہ وہ امن کیلئے کوشاں ہیں۔ یہ ارباب اقتدار کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ دھماکے میں شہید ہونے والوں کی درجات بلندی پسماندگان کے صبراور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔ جے یوآئی کے دیگر رہنماو¿ں حاجی اکرم خان درانی ،مولانا فضل علی حقانی نے جے یوآئی کے ورکرز کنونشن پربم دھماکہ قابل مذمت کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں جمعیت علماءاسلام کے کارکنان اور رہنماﺅں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے۔ قومی سلامتی کے ادارے اپنا کردار ادا کریں۔دریں اثناءمتحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر ڈاکٹر علامہ سید ضیاءاللہ شاہ بخاری اور سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد نعیم بادشاہ نے اپنے ایک بیان میں باجوڑ ایجنسی میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہداءکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔جبکہ تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کہاکہ بم دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے شہداءکی مغفرت ،لواحقین کیلئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں مذہبی اجتماعات کونشانہ بنانے کی ابتدالاہورمیں علامہ احسان الٰہی ظہیرکے جلسہ سے ہوئی تھی۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائمقام صدر رانا فاروق سعید نے باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی شدیدمذمت اور اس میں شہید ہونےوالے افراد کےلئے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اور دہشت گردی کا کسی مذہب یا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔اس اندوہناک واقعے میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔برصغیر کی عظیم وقدیم دینی درس گاہ جامعہ فتحیہ ذیلدار روڈ اچھرہ لاہور کے صدر سابق ایم پی اے چیئرمین لیسکو حافظ میاں محمد نعمان جامعہ فتحیہ کے ناظم اعلی میاں محمد عفان جامعہ کے ناظم تعلیمات مولانا عبداللہ مدنی، مولانا احمد الراعی، ڈاکٹر سعید عاطف، قاری محمد قاسم بلوچ مفتی عبدالرحمن، ڈاکٹر ضیاءالحق قمر اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں باجوڑ میں جمعیت علماءاسلام کے جلسے میں دہشت گردی کے سانحہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک اور غم ناک حادثہ ہے۔ دہشت گرد ملک کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ملک و قوم اور دین کے دشمن دہشت گردوں کو تباہ و برباد کرے۔ انہوں نے شہداءکیلئے دعائے مغفرت کی اور ان کیلئے بلندءدرجات کی دعا کی۔ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے اور تمام لواحقین و پسماندگان کو صبر جمیل عطاءفرمائے ۔
جے یوآئی ورکرز کنونشن دھماکہ، علماءکی شدید مذمت
Jul 31, 2023