لاہور (خصوصی نامہ نگار)سالانہ عظمت اہل بیت و شہادت حضرت امام حسینؓ کانفرنس جامع مسجد مولانا احمدعلی لاہوری اچھرہ لاہور میں شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن، نائب امیر مجلس لاہور پیرمیاں محمدرضوان نفیس کی صدا رت میں ہوئی۔ کانفرنس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، مولانا محمدرفیق جامی، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا قاری علیم الدین شاکر، انجینئر حافظ نعیم الدین شاکر، مولانا عبدالنعیم، مولانا محبوب الحسن طاہر، قاری سید انوارالحسن شاہ، قاری حماد انور نفیسی، قاری اکمل الحسن نورودیگر علماءاور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے کہاہے کہ حضرت امام حسینؓ کا کردار رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے۔ آپؓ کے عمل و کردار سے ہر آنیوالے معاشرے کو روشنی ملتی رہے گی۔ کربلا کے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتا ہے۔ کربلا صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ دنیائے عالم کیلئے ایک روشن آفتاب ہے جس کی روشنی سچائی اور حق کیلئے جاں فروشی کا مینار نور بن کر چمکتی رہے گی۔واقعہ کربلا حق کیلئے جان قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا کریں۔کانفرنس کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعہ ایک عمرہ کا ٹکٹ نکالا گیا، قرعہ اندازی میں عمرہ کی ٹکٹ خوش نصیب عبداللہ جلیل کے حصے میں آئی۔