الجزائر کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان ریاض محرز مانچسٹر سٹی چھوڑ کر سعودی کلب الاہلی میں شامل

Jul 31, 2023

 لاہور(سپورٹس ڈیسک ) الجزائر کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان ریاض محرز مانچسٹر سٹی چھوڑ کر سعودی عرب کے کلب الاہلی میں شامل ہوگئے ۔  الاہلی کیساتھ ان کا معاہدہ 2027ء تک ہوگا لیکن اس کی مالی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ، پریمیئر لیگ چیمپئن نے سعودی کلب کی جانب سے ساڑھے تین کروڑ یورو کی پیش کش قبول کرلی جبکہ انھیں 50لاکھ یورو اضافی ملیں گے۔ 32سالہ الجزائری فٹبالر محرز نے کہا کہ مانچسٹر سٹی کیلئے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں ٹرافی جیتنے اور اپنے فٹبال سے لطف اندوز ہونے کیلئے سٹی میں شامل ہوا تھا ، میں نے یہ سب حاصل کیا اور اس کے علاوہ بھی بہت کچھ حاصل کیا ہے۔ میں نے اس فٹبال کلب کیساتھ پانچ ناقابل فراموش سال گزارے ہیں، ناقابل یقین کھلاڑیوں، شاندار سپورٹرز اور دنیا کے بہترین منیجرز کیساتھ کام کیا ہے، مانچسٹرسٹی کلب ہمیشہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا اور بہترین حصہ رہے گا۔ محرز نے مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھیلتے ہوئے تمام 236 میچوں میں 78 گول کیے اور 59گول ان کی مدد سے ہوئے۔

مزیدخبریں