لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 10 اگست کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ ریاستی میزبان کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹکٹوں کی قیمتوں کو حتمی شکل دیں گی اور سٹیڈیم میں داخلے کیلئے فزیکل ٹکٹس کی ضرورت ہوگی۔ریاستی میزبان کرکٹ ایسوسی ایشنز کو 31 جولائی تک قیمتیں فائنل کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ ورلڈ کپ کے شیڈول میں بھی ردو بدل اگلے دو تین روز میں ہو جائیگا۔ آن لائن ٹکٹیں خریدنے کے بعد کلیکشن سنٹرز سے فزیکل ٹکٹس لینا ہوں گے جس کیلئے کلیکشن سینٹرز بڑی تعداد میں بنائے جائیں گے تاکہ بدمزگی نہ ہو۔یہ کلیکشن سینٹرز سٹیڈیم کے علاوہ دوسری جگہوں پر قائم کیے جائیں گے۔ریاستی میزبان کرکٹ ایسوسی ایشنز کو بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کیلئے ٹکٹوں کا کوٹہ رکھنے کا بھی کہہ دیا گیا ہے۔ تمام ایسوسی ایشنز کو بارش سے گراؤنڈز کو بچانے کیلئے پورے گراؤنڈز کیلئے کورز کا پابند کر دیا گیا ہے۔ بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے ای ٹکٹس کے حوالے سے پہلے ہی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔جے شاہ نے کہا تھا کہ ای ٹکٹس کی سہولت نہیں ہو گی، فزیکل ٹکٹس پر انٹری ہو گی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ ‘ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 10 اگست سے شروع
Jul 31, 2023