بجلی نرخ بڑھنے پر اندازہ ہے لوگ کن الفاظ سے یاد کرینگے: کائرہ

گجرات ( نامہ نگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ڈالر مہنگا ہوا لیکن باہر سے آنے والے ڈالر کا پہلے150روپے اب پاکستانیوں کو 300روپے مل رہے ہیں۔ بجلی کے نرخ بڑھنے پر اندازہ ہے لوگ سیاستدانوں کو کن الفاظ سے یاد کریں گے۔ اگر بجلی کے نرخ نہ بڑھاتے تو پاکستان کے حالات مزید بگڑ جاتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے باشنہ میں سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کوسب جماعتوں نے کہا کہ الیکشن ایک وقت میں ہونا چاہیے۔ پنجاب، کے پی کے کی حکومتیں توڑی گئی تو ہم نے کہا کہ یہ بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے بھی اسمبلی توڑنے سے پہلے اور بعد میں واضح طور پر کہا تھاکہ غلط فیصلہ ہے۔ عمران خان کے چیئرمین ایف بی آر نے اکانومی کی حقیقت سے پردہ اُٹھا دیا۔ پیپلز پارٹی نے کونسی ایسی عدالت باقی رہ گئی جسکا سامنا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے صوبوں کو آپس میں لڑایا پھر عوام کو فوج کے سامنے لا کھڑا کیا۔ اپنی فوج پر حملے کرنے کیلئے عمران خان نے نوجوانوںکی ٹائیگر فورس سے حلف بھی لیے۔ عمران خان  یور پ، سعودیہ، دوبئی، امریکہ، چین سے ہر وقت ناراض ہوئے۔ دنیا کے آگے نہ جھکنے، نہ ترلنے کا دعویٰ کرنے والا جان لے اپنا گھر چلانے کیلئے سمجھوتے کرنے پڑتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے اپنی جماعت اور اتحادیوں کو عمران کے ساتھ بیٹھنے کو تیار کیا۔ مولانا کو آمادہ کیا کہ ڈائیلاگ کے بغیر کوئی راستہ نہیں، مذاکرات شروع ہوئے تو بجٹ کے بعد جولائی میں اسمبلیاں توڑ دینے پر اتفاق ہو گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن