کویت نے تمام ورچوئل اثاثوں کے لین دین میں کرپٹو کرنسی کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔ملک کی کیپیٹل مارکیٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ اب سے ورچوئل اثاثوں کے لین دین میں کرپٹو کرنسی کو استعمال نہیں کیا جائے گا۔ تاہم کاغذی کرنسیوں، سیکیورٹیز اور دیگر مالیاتی اثاثوں کی ڈیجیٹل نمائندگی کو پابندی سے خارج کر دیا گیا ہے۔اس بیان کے ساتھ یہ بھی واضح کیاگیا کہ جو شخص اس پر عملدرآمد نہیں کرے گا اسے کویت کے 2013 کے منی لانڈرنگ قانون آرٹیکل (20)کے تحت سزادی جائے گی۔قبل ازیں نیشنل آسٹریلیا بینک نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ فراڈ کی وجہ سے کرنسی کے کچھ پلیٹ فارمز کو بلاک کردے گا، بینک کی جانب سے یہ اقدام صارفین کو دھوکے سے محفوظ رکھنے کیلئے کیا جارہا ہے۔بینک کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کرپٹو کرنسی کے کن پلیٹ فارمز کو بلاک کرے گا ، تاہم ایسا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جو نئے پلیٹ فارمز ہیں وہ اس فہرست میں شامل ہوسکتے ہیں۔جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے جرائم پیشہ افراد چوری شدہ رقوم کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارمز کا استعمال کررہے ہیں۔ اسی معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے بینک نے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارمزکو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔